نقیب اللہ کیس: پولیس کے راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے

نقیب اللہ کیس: پولیس کے راؤ انوار کی گرفتاری کیلئے چھاپے فائل فوٹو

کراچی: پولیس نے نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد معطل ایس ایس پی راؤ انوار سمیت دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔

13 جنوری کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نقیب اللہ کے ماورائے عدالت قتل کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس میں معطل ایس ایس پی راؤ انوار اور مقابلہ کرنے والی پولیس پارٹی کو نامزد کیا گیا ہے۔

نقیب اللہ قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی تین رکنی کمیٹی کے رکن ڈی آئی جی ایسٹ سلطان خواجہ کے مطابق پولیس نے راؤ انوار اور دیگر کی گرفتاری کے لیے قانونی تقاضے پورے کرلیے ہیں۔

سلطان خواجہ نے بتایا کہ نقیب اللہ کیس میں نامزد راؤ انوار اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، گزشتہ رات پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جہاں ان افراد کے موجود ہونے کی اطلاعات تھیں۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق راؤ انوار اور دیگر کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے تاہم اس کیس میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

معطل ایس ایس پی راؤ انوار کی بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش ناکام

واضح رہے کہ 13 جنوری کو شاہ لطیف ٹاؤن میں مشکوک مقابلے کے دوران راؤ انوار نے نقیب اللہ کو کالعدم تنظیم کا دہشت گرد قرار دے کر اس کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔

واقعے پر شدید احتجاج کے بعد سندھ حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی بنائی جس نے مقابلے کو جعلی قرار دیا جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے بھی جعلی مقابلے کا از خود نوٹس لے رکھا ہے۔

install suchtv android app on google app store