مونس الہٰی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم

مونس الہٰی فائل فوٹو مونس الہٰی

عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماء چوہدری مونس الہٰی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کی جانب سے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء چوہدری مونس الہٰی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں 16 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس حوالے سے خصوصی عدالت سینٹرل کے جج تنویر احمد شیخ نے تحریری حکم جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ مونس الہٰی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد نہیں ہوا اور ایف آئی اے نے رپورٹ جمع کرائی کہ چوہدری مونس الہٰی اسپین کے دیئے گئے پتے پر موجود نہیں ہیں، اس لیے مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ متعلقہ ایجنسیاں اور حکام مونس الہٰی کی گرفتاری کے لیے ضروری اقدامات کریں، ایف آئی اے مونس الہٰی کی لندن اور اسپین کی رہائش گاہوں پر ناقابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کرائے اور 16 نومبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے ہمراہ ان کے صاحبزادے کو بھی عدالت میں پیش کیا جائے۔

علاہ ازیں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے کیس میں عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی، عدالت نے مونس الہیٰ کا اشتہار شائع کرنے کا حکم دیا، احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے کیس کی سماعت کی، احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی، نیب نے مونس الہیٰ کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔

نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم مونس الہیٰ گرفتاری سے چھپ رہا ہے، مونس الہیٰ گرفتاری سے چھپنے کے لیے روپوش ہے، اس لیے مونس الہیٰ کو اشتہاری قرار دیا جائے، احتساب عدالت نے مونس الہیٰ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں، احتساب عدالت لاہور نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کیس میں مونس الہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

install suchtv android app on google app store