عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں

عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان فائل فوٹو عوامی نیشنل پارٹی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان

خان عبدالولی خان کی بیوہ اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں اور انہیں چارسدہ میں سپرد خاک کردیا جائے گیا۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اے این پی کی جانب سے ان کی وفات کی اطلاع دی گئی۔

بیگم نسیم ولی خان کی نماز جنازہ چارسدہ ولی باغ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اے این پی کے کارکنوں کی بڑی تعداد جنازے میں شریک ہوئی۔

بیگم نسیم ولی کو آبائی قبرستان ولی باغ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہی تھیں۔

پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی البتہ نمازِ جنازہ چارسدہ میں شام 6 بجے ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے اے این پی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا.

ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

صدر مملکت نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا۔

بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور خیبرپختونخوا سے عام نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

ٹوئٹر پیغام میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ خواتین کے اختیارات کے لیے ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔

install suchtv android app on google app store