وزیراعلیٰ پنجاب نیب کے سامنے پیش

وزیراعلیٰ پنجاب نیب کے سامنے پیش فائل فوٹو

وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے سلسلے میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیےنیب کے سامنے پیش ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب دن تین بجے کے قریب اپنی نجی گاڑی میں نیب کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بیان ریکارڈ کرایا جس کے بعد وہ روانہ ہوگئے، ذرائع نے بتایا کہ نیب حکام نے شہبازشریف سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔

وزیر اعلیٰ نے نیب کی تفتیشی ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ ذرائع کے مطابق، وزیر اعلیٰ نے تفتیشی ٹیم کے 3 سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے جن کے بعد ان سے مزید 7 سوالات پر پوچھ گچھ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق، تفتیشی ٹیم نے ان سے کہا کہ الزام ہے کہ آپ نے 13 ملین کی کنسلٹینسی 192 ملین میں دینے کا حکم دیا۔ تاہم، وزیر اعلیٰ نے الزامات کو مسترد کر دیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مزید تحقیقات کیلئے دیگر حکومتی عہدیداروں اور سوسائٹی کے مالکان کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں مبینہ کرپشن کا معاملےپر وزیراعلی پنجاب شہاز شریف کو صبح ساڑھے دس بجے طلب کیا تھا۔

نیب ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو 1 ہزار 65 ملین کا نقصان پہنچایا ہے۔
اس حوالے سے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اور آشیانہ اقبال کی تفصیلات نیب کو بھجوائی جا چکی ہیں۔
نیب لاہور نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کی ہدایت پر پبلک سیکٹر کمپنیز سے متعلق انکوائری شروع کررکھی ہے، اسی کیس میں نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف آج طلب کیا ہواہے.

نیب میں پیشی کی وجہ سے وزیر اعلی پنجاب کے دورہ لیہ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے آج لیہ میں متعدد منصوبوں کا افتتاح کرنا تھا ۔وزیر اعلی پنجاب اب 23 جنوری کو میلاد گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

 

install suchtv android app on google app store