اپنا گھر’ اسکیم میں درخواست دینا انتہائی آسان ہوگیا، درکار دستاویزات کی تعداد 25 سے گھٹا کر صرف 5 رہ گئی۔
وفاقی حکومت نے ‘اپنا گھر’ ہاؤسنگ اسکیم کو عام شہریوں کے لیے انتہائی آسان بناتے ہوئے درخواست کے لیے درکار دستاویزات کی تعداد 25 سے گھٹا کر صرف 5 کر دی ہے۔
اس کے ساتھ ہی قرض کی منظوری کے عمل کو تیز بنانے کے لیے درخواست کی پروسیسنگ کی مدت بھی زیادہ سے زیادہ 15 کاری دن مقرر کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلے وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے دوران ہوا۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ درخواست کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے اور ہاؤسنگ فنانسنگ کے لیے ضروری پراپرٹی کی ملکیت کی اسناد کے حصول میں شہریوں کی مکمل رہنمائی اور سہولت کاری کی جائے۔
شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور متعلقہ وزارتوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر کے ہاؤسنگ، زراعت اور چھوٹے کاروباروں کے لیے قرضوں کی فراہمی میں مزید بہتری کے لیے اکتوبر کے آخر تک حتمی تجاویز پیش کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ملک میں جاری دیگر قرض اسکیموں کی پیش رفت سے بھی آگا کرتے ہوئے کہا گیا زرعی قرضوں کا حجم 1,352 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ جون 2027 تک اس کو بڑھا کر 1,500 ارب روپے کیا جائے اور مستفید ہونے والے کسانوں کی تعداد 45 لاکھ تک پہنچائی جائے۔
اب تک 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو 1,137 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں۔ جون 2027 تک یہ فنڈز 1,500 ارب روپے تک بڑھانے اور 5 لاکھ 75 ہزار کاروباری افراد کو شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔