2025 میں پاکستان میں شفافیت میں اضافہ اور کرپشن میں کمی ہوئی: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے قومی سروے برائے بدعنوانی کے تاثر 2025 کی رپورٹ جاری کی ہے فائل فوٹو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے قومی سروے برائے بدعنوانی کے تاثر 2025 کی رپورٹ جاری کی ہے

 ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے قومی سروے برائے بدعنوانی کے تاثر 2025 کی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں ملک میں بدعنوانی کے تاثر میں واضح کمی اور شفافیت میں اضافہ دکھایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران 66 فیصد پاکستانیوں نے کہا کہ انہیں کسی سرکاری کام کے لیے رشوت نہیں دینی پڑی، جبکہ 60 فیصد شرکا نے حکومت کی معیشت مستحکم کرنے کی کوششوں، بشمول آئی ایم ایف معاہدہ اور ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے، کی حمایت کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوام میں قوتِ خرید کے بارے میں ملا جلا تاثر ہے، 43 فیصد نے بہتری جبکہ 57 فیصد نے کمی رپورٹ کی۔

شرکا نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس چھوٹ حاصل کرنے والے فلاحی ادارے عوام سے کوئی فیس وصول نہ کریں اور اپنے عطیہ دہندگان اور عطیات کی تفصیل شفاف انداز میں پیش کریں۔

این سی پی ایس 2025 سروے ملک بھر کے 4000 افراد کے درمیان 22 سے 29 ستمبر کے دوران کیا گیا، جس میں 55 فیصد مرد، 43 فیصد خواتین اور 2 فیصد خواجہ سرا شامل تھے۔

شرکا میں شہری علاقوں کے رہائشی 59 فیصد جبکہ دیہی علاقوں کے 41 فیصد شامل تھے۔

رپورٹ میں ادارہ جاتی سطح پر بھی بہتری کا تاثر ملتا ہے۔ پولیس کے بارے میں عوامی رائے میں چھ فیصد مثبت رجحان دیکھا گیا، جو ادارہ جاتی اصلاحات اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

اس کے علاوہ تعلیم، زمین و جائیداد، مقامی حکومت اور ٹیکس کے شعبوں میں بھی عوامی تاثر بہتر ہوا۔

عوام کے مطابق بدعنوانی کی بڑی وجوہات میں شفافیت کی کمی، معلومات تک محدود رسائی اور کرپشن کیسز کے فیصلوں میں تاخیر شامل ہیں۔ سروے میں 59 فیصد شرکا نے صوبائی حکومتوں کو زیادہ بدعنوان قرار دیا۔

عوام نے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے احتساب کو مضبوط بنانے، صوابدیدی اختیارات کو محدود کرنے، حقِ معلومات کے قوانین کو مؤثر بنانے اور عوامی خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات کو ضروری قرار دیا۔

شرکا نے سیاسی جماعتوں کی کاروباری فنڈنگ پر پابندی یا سخت ضابطہ کاری، موثر اطلاعاتی تحفظ قوانین، اور سرکاری کرپشن رپورٹنگ نظام سے آگاہی بڑھانے کی بھی سفارش کی۔

رپورٹ کے مطابق یہ سروے ملک میں بدعنوانی کی اصل شرح نہیں بلکہ عوام کے تاثر کو ظاہر کرتا ہے اور شفافیت میں بہتری کے اثرات واضح ہیں۔

install suchtv android app on google app store