پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا: آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر فائل فوٹو آرمی چیف جنرل عاصم منیر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کیخلاف ہمہ دم تیار ہیں۔ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔

جناح کنونشن سینٹر میں پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مستقبل کے معماروں، اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے، نوجوانوں کو وطن، قوم، ثقافت، تہذیب وتمدن اور اپنے آپ پر بےپناہ اعتماد ہونا چاہیے۔

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو یقین ہونا چاہیے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں، دہشت گردوں سے تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہے مگر دہشت گردی کے خلاف قوم کا تعاون ضروری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈا کا مقصد بےیقینی، افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے، دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی، اللّٰہ تعالیٰ نے پاکستان کو بےپناہ معدنی وسائل، زراعت، نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے، مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔

install suchtv android app on google app store