ساری قوم 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور ملزموں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی؛ شیخ رشید

 شیخ رشید فائل فوٹو شیخ رشید

عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رہائی تحریری سیاسی توبہ کی مرہون منت ہے۔ ساری قوم 9مئی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور ملزموں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی لیکن چادر اور چار دیواری اور خواتین کا احترام ضروری ہے، میرے خیال میں لیول پلائنگ فیلڈ ہو چکا ہے، اگر نہیں ہوا تو 15 جون تک ہو جائے گا۔

سوشل میڈیا ایپ ٹویٹر پر جاری ہونے والے ایک بیان میں سابق وفاقی داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب سلیکشن ختم اور الیکشن ہونے چاہئیں۔ معاشی،اقتصادی،سیاسی تباہی کا ملبہ موجودہ نااہل حکومت پر گرنا چاہیے، کسی اور پر نہیں۔ پاکستانی روپیہ ٹوکری ہوگیا ہے، معلوم نہیں ڈالر کہاں پر رکے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ اقتصادی ہے، سازش کے تحت سیاسی بنا دیا گیا ہے تاکہ بجٹ پیش کیا جا سکے۔ اگر عدلیہ بھی آبدیدہ اور بے بس ہو گئی تو پھر ملک کا اللہ ہی وارث ہے۔ آج کل پریس کانفرنس نہیں، پریشر کانفرنس ہورہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 3-2 مہینے سسرال جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آجاتی۔ میں نے کلاشنکوف کے جھوٹے مقدمے میں 7سال قید کاٹی، کڑیاں والا قتل اور 2 مرتبہ ختم نبوت میں بھی سسرال گیا ہوں۔ اب پھر جانے کو تیار ہوں۔

انھوں نے اعلان کیا کہ جب تک گرفتار نہیں ہوتا روزانہ ٹویٹ جاری رہے گی۔

install suchtv android app on google app store