اسلام آباد: اقوام متحدہ کے واٹر کانفرنس 2023 کے حوالے سے تاجکستان کے سفارتخانے میں بریفنگ

اقوام متحدہ کے واٹر کانفرنس 2023 کے حوالے سے تاجکستان کے سفارتخانے میں بریفنگ اقوام متحدہ کے واٹر کانفرنس 2023 کے حوالے سے تاجکستان کے سفارتخانے میں بریفنگ

 

تاجکستان اور ہالینڈ کے سفارتی مشنز کی ایک مشترکہ بریفنگ اسلام آباد میں تاجکستان کے سفارتخانے میں بین الاقوامی دہائی کے مقاصد کے نفاذ کے بارے میں وسط مدتی جامع جائزہ پر اقوام متحدہ کی کانفرنس کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ "پائیدار ترقی کے لیے پانی" کے عنوان سے یہ کانفرنس 22 سے 24 مارچ تک نیویارک میں منعقد ہونے جارہی ہے۔

اپنی تقریر کے دوران، تاجکستان کے سفیر عصمت اللہ نصرالدین نے اقوام متحدہ کی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا، جس کی صدارت امن اور قومی اتحاد کے بانی اور جمہوریہ تاجکستان کے صدر جناب امام علی رحمان اور ہالینڈ کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر ممکنہ طور پر کریں گے۔

اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی وزارت آبی وسائل کے وفاقی سیکرٹری جناب حسن ناصر جامی نے اس اہم بین الاقوامی تقریب کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے موقف کا خاکہ پیش کیا۔

بریفنگ میں وزارت خارجہ، آبی وسائل، سفارتی کور، اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفاتر، ماہرین اور صحافتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

بعد ازاں نمائندہ سچ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر جناب عصمت اللہ نصر الدین کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت کے تناظر میں آبی وسائل کی دستیابی اور ان تک رسائی ایک موضوع ہے جس کے لئے تمام دنیا کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، تاجکستان کے قومی راہنماء امام علی رحمان اس حوالے سے بہت متحرک ہیں اور چاہتے ہیں کہ محض ہمارا ملک یا خطہ ہی نہیں بلکہ دنیا کے ہر باسی تک یہ پیغام پہنچے اور پانی تک رسائی ہر کسی کے لئے ممکن ہو، یہ محض تیسری دنیا سے وابستہ ممالک کا ہی نہیں بلکہ دنیا میں بسنے والے ہر انسان کا مسئلہ ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ماہرانہ رائے ملنا اور عملی حکومتی کردار ایک مثبت عمل ہے اور پاکستانی وفد اس اہم کانفرنس میں شرکت کریگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں تاجک سفیر کا کہنا تھا کہ ہم بہت پر امید ہیں کہ پانی کے حوالے سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے تاہم یہ بھی نہیں کہا جاسکتا کہ ہم فوری طور پر ان مسائل پر قابو پا لیں گے کیونکہ یہ وسیع تناظر والا موضوع ہے اور اس کے مثبت اور پر اثر نتائج بر آمد ہونے میں یقینی طور پر ایک وقت لگے گا۔

install suchtv android app on google app store