ایک تازہ تحقیق کے مطابق سوشل میڈیا سے صرف ایک ہفتے کی دوری بھی نوجوانوں کی ذہنی صحت میں نمایاں بہتری لا سکتی ہے۔
جرنل جاما نیٹ ورک میں شائع ہونی والی اس تحقیق میں ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین نے 18 سے 24 برس کے 295 نوجوانوں کو تین ہفتوں تک مشاہدے میں رکھا۔ پہلے دو ہفتوں کے دوران تمام شرکا معمول کے مطابق سوشل میڈیا استعمال کرتے رہے جب کہ تیسرے ہفتے میں انہیں سات دن کا مکمل وقفہ دیا گیا۔
نتائج کے مطابق اس مختصر وقفے سے اینزائٹی میں 16 فیصد، ڈپریشن میں تقریباً 25 فیصد اور نیند کے مسائل میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے نمایاں بہتری اُن نوجوانوں میں دیکھی گئی جن میں تحقیق کے آغاز پر ہی ڈپریشن کی شدید علامات موجود تھیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج واضح کرتے ہیں کہ سوشل میڈیا سے وقتی دوری ذہنی دباؤ کم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔