پی کے ایل آئی لاہور میں روبوٹ کی مدد سے لبلبے کے کینسر کی کامیاب سرجری

کینسر کی کامیاب سرجری فائل فوٹو کینسر کی کامیاب سرجری

پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) میں روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے لبلبے کے کینسر کی کامیاب اور پیچیدہ سرجری انجام دے دی گئی، جسے طبی میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ادارے کے ڈین ڈاکٹر فیصل سعود ڈار کے مطابق پی کے ایل آئی میں اب تک 500 سے زائد روبوٹک سرجریاں کی جا چکی ہیں، جن کے ذریعے بڑے آپریشنز کو کم سے کم چیرا لگا کر ممکن بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ روبوٹک سرجری کی بدولت نہ صرف لبلبے بلکہ جگر کے کینسر کی پیچیدہ سرجریاں بھی کامیابی سے کی جا رہی ہیں۔ اس جدید طریقہ کار سے خون کا کم ضیاع، درد میں کمی اور مریض کی جلد صحت یابی ممکن ہوتی ہے۔

ڈاکٹر فیصل سعود ڈار کا کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی جدید اعضا کی پیوندکاری اور کینسر سرجری کے میدان میں ملک کا ایک نمایاں مرکز بنتا جا رہا ہے، جہاں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ جگر اور لبلبے کا کینسر عموماً جان لیوا ثابت ہوتا ہے اور اس کا علاج بھی پیچیدہ ہوتا ہے، تاہم بروقت تشخیص اور جدید سرجری کے ذریعے مریض کے بچنے کے امکانات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

 

 

install suchtv android app on google app store