نظامِ کائنات میں عدل و انصاف کی نشانیاں

  • اپ ڈیٹ:
  • زمرہ کالم / بلاگ
معاشرے میں عدل و انصاف کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔ فائل فوٹو معاشرے میں عدل و انصاف کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔

جس چیز کا جہاں پر مقام ہے اسکو وہاں پر قرار دینا عدل کہلاتا ہے۔ حضورﷺ نے ارشاد فرمایا: "عدل ہے جس کی وجہ سے زمین اور آسمان کا نظام چل رہا ہے"۔

اللہ تعالی کی صفات میں سے ایک صفت عدل ہے۔ اگر آپ غوروفکر کریں تو آپ آسانی سے سمجھ سکتے ہیں کہ دنیا کی ہر چیز اس مقام پر ہے جو اس کیلئے تعین کی گئی ہے، سورج اور چاند کا آنا جانا، بری اور آبی جانوروں کا اپنی جگہ پر رہنا اور مقرر کردہ حدود سے تجاوز نہ کرنا عدل کہلاتا ہے۔ 

کائنات کو بنانے والا ہمیں پیدا کرنے والا عدل کو پسند کرتا ہے، اللہ پاک کی صفات میں سے ایک عدل ہے۔ اللہ پاک نے سورۃ رحمان میں ارشاد فرمایا: "عدل وانصاف سے کام لو"  اسکی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ پاک نے قرآن پاک میں ہر جگہ عدل کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدل کے بارے میں بیان کرتے ہوئے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کے جو شوہر کے حقوق ہیں وہ بیوی پورے نہیں کر سکتی اور جو بیوی کے حقوق ہیں وہ شوہر انجام نہیں دے سکتا، ان حقوق میں توازن برقرار رکھنا ہی عدل ہے۔

قرآن میں اللہ پاک نے حضرت شعیبؑ کی قوم کے بارے میں بیان کرتےہوئے فرمایا ہے کہ وہ ناپ تول میں ہیرا پھیری کرتے تھے جس کی وجہ سے ان پر اللہ کا غضب نازل ہوا۔ یہاں پر قابلِ غور بات یہ ہے کہ حضرت شعیبؑ کی قوم کے نو(۹) بڑے قبیلے اس جرم میں ملوث تھے مگر عذاب سب پر نازل کیا گیا کیونکہ انھوں نے اس جرم کے خلاف آواز نہیں اٹھائی تھی اور عدل قائم نہیں ہونے دیا تھا۔ گناہ کرنے والا اور گناہ کو دیکھ کر خاموش رہنے والا دونوں گناہ میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔

عدل وانصاف کے دو پہلو ہیں:

1. اپنی ذات کے ساتھ عدل

موجودہ دور میں ہمارے پاس اپنے لئے بھی وقت نہیں ہوتا، ہمارا سونا جاگنا، کھانا پینا بے وقت ہوتا جا رہا ہے۔ جو نا صرف ہمارے لئے نقصان دہ ہے بلکہ اللہ کی مقرر کردہ حدود سے لاپرواہی کرنے کے مترادف بھی ہے۔

2. دوسروں کے ساتھ عدل 

دوسروں کے ساتھ انصاف تقویٰ کی نشانی ہے اور تقویٰ اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ عمل ہے۔ قرآن میں ارشاد ہے"عدل قائم کرو، یہ اللہ کو پسند ہے" موجودہ دور میں ہمیں حقوق کی فراہمی کا تو معلوم ہے مگر فرائض کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ عدل کا بول بالا تب ہی ممکن ہے جب حقوق اور فرائض دونوں کو انجام دیا جائے۔

وہی معاشرہ اور قوم ترقی کرتے ہیں جہاں عدل و انصاف کو یقینی بنایا جاتا ہے، عدل معاشرے کے ہر فرد کا حق ہے اور ظلم دیکھ کر مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا فرض ہے۔

install suchtv android app on google app store