کچھ دل کی بات (گیا سال اور نیا سال)

چلیئے صاحب اب آپ سے رخصت چاہتے ہیں۔ شروعات تو ڈھیروں امیدوں سے کی تھی مگر اختتام ڈھیروں نصیحتوں سے کرتے ہیں جو ہم نے سال بھر پلے باندھی۔

آج ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم نے سب کو معاف کیا۔ ان سب کو، جن سے ہم ناراض تھے یا دل میں کوئی لغزش تھی۔ سب بھلا کہ آگے بڑھتے ہیں۔ اور ان سے ہم معافی کے طلبگار ہیں جو ہم سے رنجیدہ ہیں یا جنکا دل دکھی ہے۔ اور وہ جو ہم سے لڑنا چاہتے ہیں ان کے لیے پیغام! چلیئے چھوڑئیے جو ہو گیا سو ہو گیا۔ دل کا میل صاف کریں اور آگے بڑھیں. آپ بھی سکھی رہیں گے اور ہم بھی۔

دل میں بغض رکھ لینا بہت آسان ہے مگر معاف کرنا, بھلا دینا بہت مشکل۔

یہ سچ ہے کہ ہم پاکستانی بہت سہل پسند ہیں لڑائی کرنا تو بائیں ہاتھ کا کھیل ہے، ہمارے لیے۔ مگر نئے سال کی شروعات، ہم نیا عظم لیے کرتے ہیں کہ اب جو مشکل کام ہے ہم وہ کریں گے۔ ہم درگزر کریں گے اور برداشت کا دامن ہر لمحے تھامے رہیں گے۔ بھئی اس میں بھی ہمارا مطلب ہے وہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں نا کہ:

'معاف کر دو تاکہ بخشے جاؤ"

اور ہم ٹھرے گناہگار وہ بھی ڈھیٹ قسم کے آج توبہ اور کل پھر وہی ہم اس لیے بہتری اسی میں ہے کہ ہم اللہ کے بندوں کو معاف کریں اور وہ رحمان، ہماری کوتاہیاں۔

سال تو آتے ہیں اور ریت کی تیزی سے مٹھی سے نکل جاتے ہیں رہ جاتی ہیں تو کدورتیں، یادیں، اور کچھ یاد گار لمحے، لہذا اب کی بار ہم خود کو بھی آزاد کرتے ہیں اور آپکو بھی مشورہ دیتے ہیں کہ سکھ کا سانس لیجیئے خوامخواہ کی پریشانیوں کو پاس نہ پھٹکنے دیں۔

زندگی سہل کیجیئے۔ اپنی ہماری اور ہر ایک کی نئے سال کی شروعات کیجیئے مسکراہٹ کیساتھ۔ آخر میں نئی شروعات کے لیے نیک تمنائیں اور اللہ حامی و ناصر ہو ہم سب کا۔ آمین

install suchtv android app on google app store