کلارک کو وارنر سے بہترین رویہ کی امید

کلارک, جانسن کے ہمراہ اے ایف پی فوٹو کلارک, جانسن کے ہمراہ

آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک انڈیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جذباتی اوپنر ڈیوڈ وارنر سے بہترین رویہ کی امید کر رہے ہیں۔

وارنر کو میدان میں جملے بازی پر پہلے ہی دو مرتبہ تنبیہ جاری کی جا چکی ہے اور اگر سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھی وہ ایسا کرتے پائے گئے تو ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں وہ میدان سے باہر بیٹھیں گے۔ کلارک نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ڈیوڈ اچھا رویہ اپنائیں گے۔'وہ ہماری طرح قوانین سے آگاہ ہیں اور ان کے قوانین باقیوں سے مختلف نہیں'۔

تاہم، تیز باؤلر مچل جانسن سمجھتے ہیں کہ جمعرات کو آسٹریلیا کی جارحانہ رویہ میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ جانسن نے فاکس سپورٹس کو بتایا' میں نے وارنر کو کہتے سنا ہے کہ وہ اس طرح کے کسی معاملے سے دور رہیں گے'۔

'لیکن کسی نہ کسی کو تو یہ کام کرنا ہے اور میرے خیال میں مجھے ہی یہ کام کرنا ہو گا کیونکہ یہ کھیل کا حصہ ہے'۔ آسٹریلیا اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان میدان اور میدان سے باہر حالیہ سالوں میں مشکل تعلقات دیکھے گئے ہیں اور ایسے میں سیمی فائنل مقابلے میں تلخ لمحات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔

دوسری جانب، کلارک کہتے ہیں سڈنی کی پچ میں کوئی سرپرائز نہیں اور یہ ایک اچھی کرکٹنگ پچ ثابت ہو گی۔ قیاس آرئیاں ہیں کہ خشک وکٹ ہوم ٹیم کے باؤلرز کے برعکس انڈیا کیلئے زیادہ معاون ہو سکتی ہے۔ تاہم، کلارک اس بات کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے۔

'میرے خیال میں سڈنی کی پچ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں کیلئے عمومی بہت اچھی ہے۔ امید ہے کہ تیز باؤلرز کو یہاں کچھ سوئنگ اور باؤنس ملے گا اور پھر ہمیشہ کی طرح سپین اپنا کردار ادا کرے گی'۔ کلارک نے ٹاس کو انتہائی اہم قرار دیے جانے کو بھی غلط قرار دیا۔'آپ پہلے بیٹنگ کریں یا باؤلنگ آپ کو اچھا کھیلنا ہو گا۔ میرا نہیں خیال کہ ایک ون ڈے میچ میں ٹاس اہمیت رکھتا ہے'۔ اے ایف پی

install suchtv android app on google app store