انگلینڈ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں

انگلینڈ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں اے ایف پی فوٹو

سابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی چمپئن انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے سیمی فائنل میں 7 وکٹوں کے شکست دے کر دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز پا لیا۔

فیروز شاہ کوٹلہ میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

مارٹن گپٹل نے پہلے اوور میں کپتان کین ولیم سن کے ساتھ مل کر 11 رنز بنائے تاہم دوسرے اوور میں 17 کے مجموعی اسکور پر 15 رنز بنا کر ڈیوڈ ویلی کا شکاربنے۔

کین ولیم سن اور کولن منرو نے دوسری وکٹ کی شراکت میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کا اضافہ کیا، اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوگا لیکن ولیم سن 32 رنز بنا کر 91 کے مجموعے پر معین علی کی وکٹ بن گئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 107 رنز پرگری جب کولن منرو 46 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کے آؤٹ ہوتے ہی دیگر بلے باز رنزبنانے کی اوسط کو برقرار رکھنے میں ناکام رہے، کوری اینڈرسن نے 28 رنز بنائے۔

روس ٹیلر 6، لیوک رونچی 3، مچل سینٹنر 7، مک کلینگن ایک رن بنا کرپویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جیسن روئے کی انگلینڈ کی جانب سے جارحانہ اندازمیں ہدف کا تعاقب شروع کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 82 رنز بنائے، اہلیکس ہیلز 20 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز تھے۔

جو روٹ اور جیسن روئے کی رفاقت میں 28 رنز بنے تھے کہ جیسن روئے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان آئن مورگن آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو کوئی رن بنانے میں ناکام رہے۔

جو روٹ 27 اور جوز بٹلر 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔

جیسن روئے کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کی ٹیم دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں، مارٹن گپٹل کو ہنری نیکولس اور ایڈم ملنے کو ناتھن مک کولم کی جگہ حتمی ٹیم میں شامل کیا گیاہے۔

انگلینڈ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

نیوزی لینڈ

کین ولیم سن (کپتان)، مارٹن گپٹل، روس ٹیلر، کولن منرو، کوری اینڈرسن، گرانٹ ایلیٹ، لیوک رونچی، مچل سینٹنر، مک کلینگن، اش سودی، ایڈم ملنے

انگلینڈ

آئن مورگن (کپتان)، جیس روئے، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جاز بٹلر، بین اسٹوکس، معین علی، کرس جارڈن، ڈیوڈ ویلی، عادل رشید، لیام پلنکٹ

install suchtv android app on google app store