جنوبی افریقہ کا ادھورا سفر جیت کے ساتھ ختم

ہاشم آملہ ہاشم آملہ

جنوبی افریقہ نے ورلڈ ٹی ٹوئٹی کے سپر 10 مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنا سفر مکمل کرلیا۔

دہلی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت نہ ہوا اور سری لنکن اوپنرز نے اپنی ٹیم کو پانچ اوورز میں 45 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم جنوبی افریقہ کے اسپنرز نے اس فیصلے کی لاج رکھی اور سری لنکا کو چھوٹے مجموعے تک محدود رکھا۔

جنوبی افریقہ کے اسپنر ایرون فنگیسو نے 45 کے اسکور پر دنیش چندیمل کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی اور اس کے بعد میچ کا نقشہ یکسر بدل گیا۔

فنگیسو نے اگلی ہی گیند پر لہیرو تھری مانے کو خوبصور گیند پر باؤلڈ کر کے اپنی ٹیم کو لگاتار دوسری کامیابی دلائی۔

ملندا سری وردانا اور تلکارتنے دلشان نے اسکور کو 75 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر سری وردانا وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے۔

اسکور میں تین رنز کے اضافے کے بعد شیہان جے سوریا کی اننگز اختتام پذیر ہوئی جبکہ 85 کے مجموعے پر دلشان 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو آدھی سری لنکن ٹیم ڈریسنگ روم میں موجود تھی۔

اختتامی اوورز میں ٹیل اینڈرز نے چند ہاتھ دکھانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 120 رنز پر جواب دے گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ایبٹ، ایرون فنگیسو اور فرحان بیہارڈین نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہاشم آملانے کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر ہدف حاصل کرنے کی بنیاد رکھی لیکن ڈی کوک زیادہ دیر ان کا ساتھ نہ دے سکے اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان فیف ڈوپلیسی نے دوسری وکٹ میں آملہ کا بھر پور ساتھ دیا، دونوں کی رفاقت میں 60 رنز بنے تھے کہ ڈوپلیسی 31 رنز بنا کر لکمل کا شکار بنے۔

ہاشم آملہ اور اے بی ڈی ولیئرز نے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 47 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، اس دوران ہاشم آملہ نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

آملہ 56 اور ڈی ولیئرز 20 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

جنوبی افریقہ نے 121 رنز کا ہدف 17 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

فنگیسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سری لنکا اور جنوبی افریقہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا پہلا سیمی فائنل 30 مارچ کو انگلینڈ اور ایونٹ میں اب تک باقابل شکست نیوزی لینڈ کے درمیان فیروز شاہ کوٹلہ دہلی میں ہوگا۔

دوسرا سیمی فائنل میزبان ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہو گا جو 31 مارچ کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store