کوہلی کی بدولت ہندوستان سیمی فائنل میں

کوہلی کی بدولت ہندوستان سیمی فائنل میں کوہلی کی بدولت ہندوستان سیمی فائنل میں

ہندوستان نے ویرات کوہلی کی ایک اور شاندار اننگ کی بدولت آسٹریلیا کو چھ وکٹ سے شکست دے کر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

کوارٹر فائنل کی حیثیت کے حامل اس میچ میں آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔

آسٹریلین اوپنرز عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے ٹیم کو چار اوورز میں 53 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم 54 کے مجموعے پر عثمان 26 رنز بنانے کے بعد نہرا کو وکٹ دے بیٹھے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد ہندوستانی باؤلرز نے شاندار انداز میں واپسی کی اور نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کے سبب آسٹریلین بلے باز بہترین آغاز کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

اسکور 72 تک پہنچا تو ڈیوڈ وارنر وکٹ سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں روی چندہ ایشون کی گیند پر اسٹمپ ہوئے جبکہ کپتان آسٹریلین کپتان ایونٹ میں یوراج سنگھ کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

یکے بعد دیگر ےوکٹیں گرنے کے سبب آسٹریلین ٹیم کے رنز بنانے کی رفتار سست ہو گئی جس کے سبب ہندوستانی باؤلرز کو حاوی ہونے کا موقع ملا۔

گلین میکس ویل اور ایرون فنچ نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی ہی تھی 43 رنز بنانے والے فنچ چھکا لگانے کی ناکام کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

گلین میکس ویل نے جارحانہ بیٹنگ شروع ہی کی تھی کہ پانڈیا نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں، وہ 30 رنز بنا سکے۔

آخری اوور میں 15 رنز کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز کا مجموعہ تشکیل دینے میں کامیاب رہی۔

ہندوستان کی جانب سے ہردک پانڈیا دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہندوستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 23 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر شیکھر دھاون 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جب شین واٹسن نے روہت شرما اور سریش رائنا کو میدان بدر کیا تو ہندوستانی ٹیم 49 رنز پر تین وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی اور ایسا محسوس ہوتا تھا آسٹریلیا سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائے گا لیکن ویرات کوہلی نے آسٹریلین ٹیم کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

82 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے والے ہندوستانی بلے باز نے مشکل وقت میں پہلے یوراج سنگھ کے ساتھ 45 رنز جوڑے اور پھر کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے ساتھ 67 رنز کی شراکر قائم کر کے اپنی ٹیم کو پانچ گیند قبل ہی چھ وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ان کی 51 گیندوں پر کھیلی گئی اس شاندار اننگ میں دو چھکے اور نو چوکے شامل تھے جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں بھی جگہ بنا لی۔ کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سیمی فائنل اب ہندوستان کا سامنا ویسٹ انڈیز جبکہ نیوزی لینڈ کا انگلینڈ سے ہو گا۔

install suchtv android app on google app store