تھر پارکر: قمیتی مورتی چوری کرنیوالے 2 ملزمان گرفتار

تھر کے جنوب مشرقی علاقے نگرپارکر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مندر سے قیمتی مورتی چرانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار کیے جانے والے دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے چند روز قبل جیندا گاؤں کے ایک مندر سے ہندوں کے مقدس دیوتا کی مورتی کی چوری میں ملوث ہیں۔

نگرپارکر پولیس نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) عطا محمد لغاری کی سربراہی میں کارروائی کے دوران شاہنواز کھوسو اور گل حسن کھوسو نامی دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے قیمتی مورتی کو بھی برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے مندر سے قدیم مورتی کی چوری کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف ابھے سنگھ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا جس میں چوری اور مذہبی عقائد کو مجروح کرنے کی دفعات شامل ہیں۔

گرفتاری کے بعد ملزمان نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ صاحبو ٹھاکر نامی شخص نے انہیں مندر سے قدیم قیمتی مورتی چوری کرنے کا ہدف دیا تھا۔

ایس ایچ او عطا محمد لغاری کا اس معاملے میں کہنا تھا کہ پولیس اس معاملے کے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

تھر پارکر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کے کارکنان نے پولیس کی جانب سے کی جانے والی بر وقت کارروائی کو سراہا اور ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ان کارکنان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مورتی چوری کر کے پر امن علاقے میں مذہبی فرقہ وارانہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔

 

install suchtv android app on google app store