پاک-چین اقتصادی راہداری کے مشرقی روٹ سے ریل کے ذریعے پہلے تجارتی سفر کا آغاز

لاہور سے پاکستان ریلوے کا سی پیک سے متعلق پہلا تجارتی وفد روانہ ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ 'سی پیک کے پہلے تجارتی وفد کا ریلوے کا حصہ لاہور سے مشرقی روٹ پر روانہ ہوا'۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ہی میں 100 کے قریب چینی کنٹینرز سوست ڈرائی پورٹ میں داخل ہوئے تھے جن کا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان اور آرمی کے فورس کمانڈر برائے جی بی ثاقب ملک محمود کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔ سوست پورٹ پر کسٹمز کلیئرنس ملنے کے بعد چینی کنٹینرز گوادر کی بندرگاہ کی جانب روانہ ہوگئے تھے۔

چینی کنٹینرز سوست ڈرائی پورٹ میں داخل ہونے سے ایک روز قبل پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کی افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جس میں چینی حکام کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمٰن اور فورس کمانڈر ثاقب محمود ملک نے بھی شرکت کی تھی۔ سی پیک دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان شروع ہونے والا ایک وسیع تجارتی منصوبہ ہے جس کو خطے کی قسمت بدلنے کا موجب قرار دیا جارہا ہے۔

بھارت کو اس منصوبے سے شدید تحفظات ہیں جس کا وہ چین سے متعدد بار اظہار بھی کر چکا ہے۔ دوسری جانب سی پیک کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے سعودی عرب، ایران اور افغانستان نے بھی اس کا حصہ بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ جس پر چین نے ایران کو سی پیک کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔

install suchtv android app on google app store