کیوبا میں طاقت ور بگولے سے 3 افراد ہلاک، 174 زخمی

کیوبا میں طاقت ور بگولے نے تباہی مچا دی فائل فوٹو کیوبا میں طاقت ور بگولے نے تباہی مچا دی

کیوبا میں ہلاکت خیز بگولے نے 3 افراد کی جان لے لی جب کہ 174 زخمی اور متعدد لاپتا ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کیوبا میں ایک خوف ناک ہوائی بگولا نظر آیا جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ طوفان کی زد میں آکر 3 افراد ہلاک اور 174 زخمی ہوگئے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

تیز ہواؤں کے جھکڑ سے درخت زمین سے اکھڑ گئے اور ہورڈنگز سڑکوں پر آگرے، بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے 70 فیصد سے زائد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور پرانی عمارتوں کے حصے زمین بوس ہوگئے۔

کیوبا میں تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے بھی معمولات زندگی کو معطل کرکے رکھ دیا ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے متاثرین کو عارضی کیمپ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

اسپتالوں اور ریلیف کیمپ میں 174 زخمیوں کو لایا گیا جن میں درجن سے زائد افراد کو گہرے زخم آئے جب کہ معمولی زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں، امدادی ادارے ٹریفک کی بحالی کے لیے نکاسی آب میں مصروف ہیں۔ بلند و بالا عمارتوں کے شیشے ٹوٹنے کے باعث بھی کئی افراد زخمی ہوگئے۔

 

install suchtv android app on google app store