کیوبا میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 110 افراد ہلاک

کیوبا میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 110 افراد ہلاک فائل فوٹو کیوبا میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 110 افراد ہلاک

کیوبا میں سرکاری فضائی کمپنی کا مسافر طیارہ ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 110 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق کیوبا کی قومی فضائی کمپنی کیوبن ایوی ایشن کا مسافر طیارہ دارالحکومت ہوانا کے جوز مارٹی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

بوئنگ 737 طیارے میں 104 مسافر اور عملے کے 9 ارکان سوار تھے جن میں سے صرف 3 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا گیا ہے اور ان کی حالت بھی انتہائی تشویش ناک ہے۔

کیوبا کے مقامی میڈیا کے مطابق طیارے نے جوز مارٹی ایئرپورٹ سے اڑان بھری اور اسے کیوبا کے مشرقی شہر ہولگوئین جانا تھا تاہم اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔

جائے حادثہ پر موجود کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمارے پاس دینے کے لیے زیادہ اچھی خبر نہیں، ایسا لگتا ہے حادثے میں بہت زیادہ نقصان ہوا‘۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے میں عملے کے 9 ارکان اور دیگر مسافروں سمیت 113 افراد موجود تھے۔

اس حوالے سے ایک فوجی افسر نے بتایا کہ حادثے میں صرف 3 افراد زندہ بچے ہیں اور ان کے اس دعوے کی تصدیق کیوبا کے سرکاری میڈیا نے بھی کی ہے۔

حادثے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری تصاویر میں حادثے کے مقام سے دھویں کے گہرے سیاہ بادل اٹھتے ہوئے دیکھتے جاسکتے ہیں۔

بدقسمت طیارے کا ملبہ ہوانا کے علاقے رینچو بوئیروس میں کھیت میں پایا گیا جس میں آگ لگی ہوئی تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا سلسلہ شروع کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے بعض زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کرتے ہوئے دیکھا تھا۔

طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store