کراچی میں معروف نوحہ خواں فرحان علی وارث پر حملے کی کوشش

نوحہ خواں فرحان علی وارث فائل فوٹو نوحہ خواں فرحان علی وارث

لیاقت آباد کے علاقے میں فائرنگ سے شہید ہونے والے معروف قوال امجد صابری کے ساتھ ٹی وی پروگرام کرنے والے نوحہ خواں فرحان علی وارث پر بھی مبینہ حملے کی کوشش کی گئی۔

زرائع کے مطابق معروف نوحہ خواں فرحان علی وارث کی کار پر تین ہٹی کے قریب فائرنگ کی گئی، تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے۔

فرحان علی وارث اور امجد صابری اکثر ٹی وی پروگرامز میں ساتھ شرکت کرتے تھے۔

حملہ آوروں کی فائرنگ کے جواب میں فرحان علی وارث کے گارڈ نے بھی فائرنگ کی، جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

فرحان علی وارث نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امجد صابری کے قاتلانہ حملے میںشہید ہونے کے بعد جعفریہ ڈیزاسٹر سیل (جے ڈی سی) کے چیئرمین ظفر عباس نے مجھے فون کرکے پوچھا کہ ’آپ کے پاس گارڈ ہے۔

فرحان علی وارث نے کہا کہ انہوں نے ظفر عباس کو جواب دیا کہ مجھے نہ گارڈ کی ضرورت ہے نہ میری کسی سے کوئی دشمنی ہے، جس پر ظفر عباس نے اپنا سرکاری گارڈ احتیاط کے طور پر میرے پاس بھیج دیا۔

فرحان علی وارث کا کہنا تھا کہ ’رات کے اوقات میں جب میری گاڑی گارڈ کو چھوڑنے جارہی تھی تو تین ہٹی پر مسلح افراد نے گاڑی کو ایسے گھیرا جیسے انہیں پتہ تھا کہ میں گاڑی میں موجود ہوں، مسلح افراد فائرنگ کرنے ہی والے تھے کے ہمارے گارڈ نے پہلے ان پر فائر کردیا، جس کے باعث حملہ آور فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ حملے کے وقت وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے، جبکہ گاڑی میں موجود تمام افراد بھی محفوظ رہے۔

مزید پڑھیں: معروف قوال امجد صابری کراچی میں فائرنگ سے شہید

واضح رہے کہ لیاقت آباد کے علاقے میں آج شام ہونے والے قاتلانہ حملے میں معروف قوال و نعت خواں امجد صابری شہید اور ان کے ساتھ گاڑی میں موجود سلیم صابری شدید زخمی ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق امجد صابری اپنے ساتھی کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے، کہ اسی دوران لیاقت آباد نمبر 10 کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوع سے 30 بور کی 5 گولیوں کے خول ملے جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد حسن اسکوائر کی جانب فرار ہو گئے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حکیم اللہ محسود گروپ کے ترجمان قاری سیف اللہ محسود نے امجد صابری پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store