معروف قوال امجد صابری کراچی میں فائرنگ سے شہید

امجد صابری فائل فوٹو امجد صابری

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد میں معروف قوال امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔

پولیس کے مطابق امجد صابری اپنے ساتھی کے ہمراہ گاڑی میں جارہے تھے، کہ اسی دوران لیاقت آباد نمبر 10 کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم امجد صابری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق امجد صابری کو تین گولیاں لگیں جن میں سے دو سر پر اور ایک کان پر لگی۔

45 سالہ امجد صابری معروف قوال غلام فرید صابری کے صاحبزادے ہیں اور عصر حاصر میں قوالی کے شعبے میں صف اول کے قوال مانے جاتے ہیں۔

امجد صابری نے متعدد ہندی فلموں کیلئے بھی قوالیاں ریکارڈ کرائی ہیں۔

امجد صابری کی ہلاکت کی خبر آتے ہی سوشل میڈیا پر بھی فنکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی امجد صابری کی  شہا دت پر ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

install suchtv android app on google app store