مسلم لیگ (ن) دھرنے، جھوٹ اور تباہی کی سیاست نہیں کرتی، وزیراعظم

وزیراعظم نواز شریف وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری سیاست ترقی و خوشحالی کی سیاست ہے اور ہم دھرنے، جھوٹ اور تباہی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔

کوٹلی ستیاں میں لینڈسلائڈنگ کے متاثرہ افراد میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی خوشحالی کے کام کئے اور آج بھی وہی کر رہے ہیں، ہماری سیاست ترقی کی سیاست ہے اور ہم دھرنوں، جھوٹ اور ملکی تباہی کی سیاست نہیں کرتے، ہم تو پاکستان میں روشنی کی بات کرتے ہیں، حکومت نے پاکستان کی ایک ایک پائی کو امانت سمجھ کر خرچ کیا جب کہ کراچی میں امن قائم ہوچکا ہے اور کاروبار زندگی ایک مرتبہ پھر رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال آج سے تین سال قبل کیا تھی اور اب کیا حالات ہیں، آج کا کراچی تین سال پہلے کے کراچی سے کہیں زیادہ روشن ہے، غربت کے خاتمےکے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، ہماری بہادر فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف عمل ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تین سال قبل ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے ہوتے تھے لیکن اب اس میں کمی آئی ہے، موجودہ حکومت نے بجلی کے تین منصوبوں میں ملکی خزانے کے 100 ارب روپے بچائے، پاکستان میں سڑکوں کے منصوبے ہماری حکومت نے شروع کئے اور مکمل بھی کئے، کراچی سے لاہور موٹروے بھی جلد شروع ہونے والی ہے جس پر صبح و شام کام جاری ہے۔

انہوں نے کوٹلی ستیاں میں سڑکیں بنانے اور بہترین اسپتال بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدے کئے اسے پورا کریں گے اور آئندہ الیکشن سے قبل یہاں عوام کے سامنے پھر آؤں گا اور ہاتھ کھڑا کرا کے پوچھوں گا کہ وعدے پورے ہوئے یا نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے لینڈ سلائیڈنگ کا علم ہوا تو فیصلہ کیا کہ خود کوٹلی ستیاں جاؤں گا اور متاثرین کو چیک تقسیم کرکے ان کے نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کروں گا لیکن لوگوں کی محبت نے چیک بانٹنے کی تقریب کو جلسے کی شکل میں بدل دیا۔

 

install suchtv android app on google app store