دہشت گرد جہاں بھی ہوں پوری قوت سے خاتمہ کردیں: وزیراعظم نواز شریف

سیہون شریف میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس سیہون شریف میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دیں اس لیے دہشت گرد جہاں بھی ہوں فوج اورسکیورٹی ادارے پوری قوت سے ان کا خاتمہ کردیں۔

سیہون شریف میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس ہوا ، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر محمد زبیر اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام شریک تھے۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری سندھ نے وزیراعظم نواز شریف کو مزار پر کئے گئے سیکیورٹی اقدامات اور گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے سے متعلق بریفنگ دی۔

مزید جانئیے: وزیراعظم اور آرمی چیف کی نوابشاہ میں سانحہ سیہون کے زخمیوں کی عیادت

وزیر اعظم نے کہا کہ امن و خوشحالی کی منزل پر ہرقوم کو ظلم و بربریت کا سامنا رہا ہے، ہم گزشتہ کئی برسوں سے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے لڑ رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دیں، یہ متحد رہ کرملک دشمن عناصر سے لڑنے کا وقت ہے، یہ جنگ ہم اپنی اعلیٰ اقدار کے تحفظ کے لئے لڑ رہے ہیں، یہ جنگ ختم ہو گی اور اس میں ہماری فتح ہو گی، ہمیں متحد رکھنے والی مثبت اقدار ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ فوج اورسیکیورٹی ادارے دشمن کو نیست و نابود کردیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نواب شاہ پہنچے تو گورنر و وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر اہم شخصیات نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور قومی سلامتی کے مشیر ناصرجنجوعہ کے ہمراہ نوابشاہ اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ زخمیوں کی عیادت کے بعد سیاسی و عسکری قیادت سیہون میں واقع لعل شہباز قلندر کے مزار میں پہنچی جہاں جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں: درگاہ لعل شہباز قلندر میں خودکش حملہ، 83 افراد شہید، 343 سے زائد زخمی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اسپتال انتظامیہ نے وزیراعظم کو مریضوں کی صحت سے متعلق آگاہ کیا جبکہ وزیراعظم نے عیادت کرنے کے ساتھ مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

install suchtv android app on google app store