چارسدہ میں سیشن کورٹ کے باہر خودکش دھماکہ، 3 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید

دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

 تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے مرکزی دروازے پر خود کش دھماکے کے نتیجے میں 3 اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید ہو گئے.

دھماکہ اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد مقدمات کی پیروی کے لئے عدالت میں موجود تھی۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پہنچ گئیں جب کہ امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا اور ڈی ایچ کیو اور تحصیل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ ڈی پی او چارسدہ کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے سیشن کورٹ کے مرکزی گیٹ پر دوران تلاشی اندر جانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی تو خودکش بمبار نے پہلے فائرنگ کی جس کے بعد خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع  پر شہید جب کہ زخمیوں میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہیں۔

خودکش بمبار سیشن کورٹ کی عمارت کے اندر داخل ہوکر بڑی تباہی کرنا چاہتا تھا تاہم سیکیورٹی پر تعینات شہید اہلکارشبیرنے اسے روکا اوراپنی جان دے کر بڑے سانحے سے بچا لیا۔

دھماکے کے باعث سیشن کورٹ کے پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

واضح رہے کہ چارسدہ کو رواں برس دہشت گردی کے متعدد واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔

رواں برس جنوری میں چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے نتیجے میں طلبہ، اساتذہ اور عملے سمیت 21 افراد شیہد ہوگئے تھے جبکہ آپریشن کے دوران 4 حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store