بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دیں گے: احسن اقبال

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال فائل فوٹو وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری کی رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنا کر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے،وہ جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے ورکنگ باؤنڈری کے چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی سی ایم ایچ سیالکوٹ میں عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ورکنگ باؤنڈری پربھارتی فائرنگ سے 6 پاکستانی شہری شہید، 26 زخمی

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب بھی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جاتا ہے تو بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کہ کسی بھی ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز فرض سمجھ کر اٹھاتا رہے گا۔

مزید جانئیے: بھارتی اشتعال انگیزی؛ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن رابطہ

احسن اقبال نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر یا ورکنگ باؤنڈری پر نہتے شہریوں پر رعب جمانا بھارت کی بھول ہے بھارت جس زبان میں بات کرے گا ہم اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرین کا تمام نقصان پورا کرنے کے لئے جائزہ لے رہی ہے۔

install suchtv android app on google app store