نثار،قائم ٹیلی فونک رابطہ، رینجرز کے اختیارات میں توسیع پر اتفاق

نثار،قائم ٹیلی فونک رابطہ، رینجرز کے اختیارات میں توسیع پر اتفاق فائل فوٹو

 وفاقی وزیر داخلہ چوہدی نثار اور وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے درمیان اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سےباہمی اتفاق رائے سے نئے نوٹی فکیشن کا اجراء کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے صوبائی حکومت کے ساتھ باہمی اتفاق رائے سے نئے نوٹی فکیشن کا اجراء کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ رینجرز کی انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے اختیارات کی مدت آئندہ چند روز میں ختم ہو رہی ہے، بہتر ہے کہ اس حوالے سے باہمی مشاورت کے ساتھ نیا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے تاکہ کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جائے، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں، آج کابینہ کے اجلاس کے بعد صوبائی حکومت سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی ریکوزیشن کل وفاقی حکومت کو بھیج دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس ریکوزیشن کے الفاظ سے بھی بہتر پیغام جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آپ کو کراچی آنے کی دعوت اب بھی موجود ہے، اس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میں بہت جلد کراچی آوں گامگر اس سے پہلے ایک باہمی اتفاق کے ذریعے جاری نوٹی فکیشن کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت ہو گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store