پنجاب میں پھر دھند کا راج، پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری

پنجاب میں پھر دھند کا راج پنجاب میں پھر دھند کا راج

پنجاب کے مختلف علاقے دھند میں چھپ گئے ، موٹر وے اور نیشنل ہائی کئی مقامات پر بند رہی، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ۔ دوسری طرف ملک بھر میں سردی کا راج ہے۔

مری میں رات کو ہونیوالی برفباری سے سیاحوں کی موجیں لگ گئیں۔ کہیں دھند ، کہیں برفباری ، ملک میں ہر طرف سردی کے ڈیرے ہیں، پنجاب کے میدانی علاقے دھند سے دھندلا گئے۔

لاہور میں بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ موٹر وے شیخوپورہ سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی۔ ڈرائیورز کو جی ٹی روڈ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

نیشنل ہائی وے پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔ دوسری طرف ملک بھر میں سردی نے اپنے پنجے مزید گاڑ لئے ہیں۔ لاہور میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے جس سے درجہ حرارت چار ڈگری تک پہنچ گیا اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔

پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی موجیں لگ گئیں۔ رات کو ہونیوالی برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر جمع ہوگئی اور موسم کا لطف اٹھایا۔

موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی بارہ ، کالام منفی آٹھ اور کوئٹہ میں منفی چار رہا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے سیاح تیاری کرلیں ۔

install suchtv android app on google app store