نائن زیرو سمیت ایم کیو ایم کے سیکٹر آفسز سیل، مکا چوک پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

نائن زیرو سمیت ایم کیو ایم کے سیکٹر آفسز سیل نائن زیرو سمیت ایم کیو ایم کے سیکٹر آفسز سیل

ایم کیو ایم قائد کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد رینجرز نے کارروائی کر کے نائن زیرو سمیت پارٹی کے اہم دفاتر سیل کر دیئے جب کہ عزیز آباد کے مکا چوک پر ایم کیو ایم کے جھنڈے کی جگہ قومی پرچم لہرا دیا گیا۔

زرائع کے مطابق رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے تمام مرکزی دفاتر سیل ہونے کے بعد پی ایس پی کارکنوں نے علی الصبح عزیز آباد کے علاقے میں مکا چوک پر پاکستانی پرچم لہرا دیئے۔

دوسری جانب عزیز آباد کے علاقے میں ہی پی ایس پی اور ایم کیو ایم کی خواتین کارکنان آمنے سامنے آ گئیں اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کارکنوں نے نجی ٹی وی پر دھاوا بول دیا، صورتحال کشیدہ، ایک شخص جاں بحق

ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایس پیز کو اپنے علاقوں میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ اس کے علاوہ اے آئی جی نے ایس ایچ اوز کو بھی اپنے علاقوں میں موجودگی یقینی بناتے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ معمول کے مطابق اپنے کام پر جائیں، ان کے جان و مال کی حفاظت کی جائے گی۔

اس سے قبل رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر مکا چوک کا محاصرہ کیا اور عامر خان سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز کی نفری نے نائن زیرو کے اطراف کی گلیوں کا محاصرہ کیا اور ایم پی اے ہاسٹل میں بھی داخل ہوئی، رینجرز اہلکاروں نے ایم پی اے ہاسٹل اور خورشید بیگم میموریل ہال کی بھی تلاشی لی۔ رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران نائن زیرو سے ملنے والے ریکارڈ سمیت دیگر اشیا بھی تحویل میں لے لیں۔

یہ بھی جانئیے: فاروق ستار اور خواجہ اظہار الحسن کو حراست میں لے لیا گیا

رینجرز کے آپریشن کے دوران خواتین اہلکار بھی ہمراہ تھیں جب کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری کو بھی علاقے میں طلب کرلیا گیا۔ رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کی مکمل تلاشی لی جس کے بعد اسے سیل کردیا گیا ہے، رینجرز نے ایم کیوایم قائد کے گھر اور شعبہ اطلاعات کو بھی سیل کردیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر بھر میں متحدہ کے دفاتر کوسیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی میں حالات کی کشیدگی اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد ایم کیوایم کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آگ لگانے والوں کو ہر قیمت پکڑا جائے، آرمی چیف کی ڈی جی رینجرز کو ہدایت

ایم کیو ایم مرکز پر آپریشن مکمل ہونے کے بعد سیکٹر کمانڈر رینجرز خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پرآپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور آپریشن کے دوران تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا جب کہ ایم کیو ایم قائد کے گھر اور شعبہ اطلاعات سمیت ایم پی اے ہاسٹل کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پر آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے اسلحہ بھی ملا ہے۔

دوسری جانب حیدر آباد میں بھی پولیس کو ایم کیوایم کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے اور پولیس نے شہر بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

install suchtv android app on google app store