اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 27 ستمبر مقرر

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس کی سماعت فائل فوٹو وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس کی سماعت

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہو گئے، ان کی جانب سے دو شخصی ضمانتیں اور 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرا دیئے گئے۔ نیب ریفرنس کی نقول اسحاق ڈار کو فراہم کر دی گئیں۔

احتساب عدالت نے فرد جرم کی کاروائی کیلئے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی۔ نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے کہا اسحاق ڈار پیش ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاناما کیس: نیب تفتیشی افسران کو عید سے قبل رپورٹ جمع کرانے کا حکم

مزید کارروائی کی ضرورت نہیں۔عدالت نے سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی۔ پیشی کے وقت عدالت کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

واضح رہے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ریفرنس میں احتساب عدالت نے 19 ستمبر کو عدم پیشی پر اسحاق ڈار کے ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے۔ وزیر خزانہ کو 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے اور شخصی ضمانت کا حکم دیا تھا۔

مزید پڑھیں: نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی

عدالت نے قرار دیا تھا کہ آئندہ سماعت پر اگر وزیر خزانہ پیش نہ ہوئے تو پھر عدالت ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ آج صبح ہی اسحاق ڈار وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ لندن سے واپس وطن پہنچے تھے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں آج نیب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔ نیب عدالت اسلام آباد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

مزید پڑھیں:ایس ای سی پی نے اسحاق ڈار کی کمپنیوں کا ریکارڈ نیب کو جمع کرا دیا

یاد رہے کہ اسحاق ڈار کو نواز شریف نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے خلاف کیس کی یہ تیسری سماعت تھی ، سماعت کے موقع پر عدالتی احاطے اوراطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی جبکہ میڈیانمائندوں کواحتساب عدالت سے نکال دیاگیا تھا۔

install suchtv android app on google app store