راحیل شریف کو اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ کیلئے این او سی جاری، سعودی عرب روانہ

پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف

سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عرب کی سربراہی میں اسلامی فوجی اتحاد کی سربراہی کے لیے این او سی جاری کردیا گیا، جس کے بعد وہ سعودیہ روانہ ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل (ر) راحیل شریف کو لینے کے لیے سعودی عرب سے خصوصی طیارہ لاہور پہنچا تھا، ان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور والدہ بھی سعودیہ روانہ ہوئیں۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ 'جنرل (ر) راحیل شریف کو این او سی قانون کے مطابق دیا گیا'۔

یہ بھی پڑھیں:راحیل شریف نے این اوسی کے لئے وزارت دفاع سے کوئی رابطہ نہیں کیا: خواجہ آصف

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کی مدت ملازمت 3 سال کے لیے ہوگی۔

واضح رہے کہ دسمبر 2015 میں سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لیے اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد مسلم ممالک کے درمیان سلامتی کے حوالے سے تعاون سمیت فوجیوں کی تربیت اور انسداد دہشت گردی کا بیانیہ وضع کرنا تھا۔

ابتداء میں اس اتحاد میں 34 ممالک شامل تھے بعد ازاں مزید ممالک کی شمولت سے اس کی تعداد 41 ہو گئی تاہم ایران سمیت کئی مسلم ممالک اس کا حصہ نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کسی بھی مسلم ملک کے خلاف کارروائی کا حصہ نہیں بنے گا: خواجہ آصف

پاکستان ابتداء میں اس اتحاد میں شمولیت سے متعلق مخمصے کا شکار رہا، تاہم ابہام دور ہونے کے بعد پاکستان نے اس اتحاد میں اپنی شمولیت کی تصدیق کردی، لیکن کہا گیا کہ اتحاد میں اس کے کردار کا تعین سعودی حکومت کی طرف سے تفصیلات ملنے کے بعد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:جنرل راحیل شریف کو 39 ملکی مسلم فوجی اتحاد کی سربراہی کی اجازت مل گئی

نومبر 2016 میں پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے مسلسل یہ بات زیر بحث رہی کہ وہ اسلامی اتحادی افواج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالیں گے، لیکن ابتداء میں سرکاری سطح پر کسی نے اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔

بعدازاں گزشتہ ماہ یعنی مارچ کے آخر میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جنرل (ر) راحیل شریف کو اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا کمانڈر بنائے جانے کی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں: جنرل (ر) راحیل شریف کو فوجی قوانین کے مطابق اراضی الاٹ ہوئی: آئی ایس پی آر

واضح رہے کہ نومبر 2013 میں پاک فوج کی کمان سنبھالنے والے راحیل شریف کی مدت ملازمت گذشتہ برس نومبر میں ختم ہوئی۔

جنرل (ر) راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کافی قیاس آرائیاں کی گئیں تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا تھا کہ آرمی چیف مقررہ تاریخ پر ریٹائر ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں:سابق آرمی چیف راحیل شریف اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بن گئے

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح 11 بجے سعودی عرب کا خصوصی طیارہ لاہور پہنچا تھا جو 2 بج کر 10 منٹ کر راحیل شریف کو لے کر سعودی عرب کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store