27 مارچ کو قوم میرا ساتھ دے کر بتائے کہ ہم بدی نہیں نیکی کے ساتھ ہیں: وزیر اعظم

وزیراعظم عمران خان فاہل فوٹو وزیراعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے مختصر پیغام میں کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ پوری قوم 27 مارچ کو میرا ساتھ دے اور بتائے کہ ہم بدی کے ساتھ نہیں ہیں بلکہ نیکی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو 27 مارچ کے جلسے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ قرآن میں اللہ پاک حکم دیتا ہے کہ اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، برائی سے لڑنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 30 سال سے ڈاکوؤں کا ایک ٹولہ ملک میں کرپشن کر رہا ہے اور ملک کو لوٹ رہا ہے اس نے اکٹھے ہوکر پارلیمانی نمائندوں کی ضمیر کی قیمتیں لگائی ہیں۔

 

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ لوگ عوامی نمائندوں کو کھلے عام خرید رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ 27 مارچ کو پوری قوم میرے ساتھ نکلے اور بتائے کہ ہم اس ملک میں جمہوریت کے خلاف، عوام کے خلاف اور قوم کے خلاف ہونے والے جرم کی مخالفت کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہیں بتائیں کہ چوری کے پیسوں سے جو تم عوامی نمائندوں کے ضمیر خرید رہے ہو قوم اس کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سارے پاکستان کو یہ علم ہونا چاہیے کہ کسی کی ہمت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ اس طرح سے ہارس ٹریڈنگ کر کے عوامی نمائندوں کے ضمیر خریدے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومت کی جانب سے بھی ڈی چوک پر تاریخی جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گزشتہ دنوں وزیر اعظم کی جانب سے سماجی ویب سائٹس پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا تھا کہ’ارضِ پاک پاکستان کی روح کےتحفظ کی لڑائی میں عوام کی شرکت کےپہلےتمام ریکارڈز توڑ ڈالے جائیں‘۔

 

 

install suchtv android app on google app store