عام انتخابات: این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف شکست کھا گئے

نواز شریف فائل فوٹو نواز شریف

عام انتخابات 2024ء کا سب سے بڑا اپ سیٹ ہوگیا۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ کے ہاتھوں این اے 15 مانسہرہ سے شکست کھا گئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ کے غیرحتمی غیرسرکاری نتیجے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو آزاد امیدوار شہزادہ گستاسپ نے شکست دیدی۔

رپورٹ کے مطابق شہزادہ گستاسپ نے 74 ہزار 713 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، ان کے مقابلے میں میاں نواز شریف نے 63 ہزار 54 ووٹ حاصل کئے۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130 سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، جہاں انہیں آزاد امیدوار یاسمین راشد کیخلاف برتری حاصل ہے۔

ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی، ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کے باعث ووٹرز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا جن کی تعداد 17 ہزار 816 ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرنے کا حق حاصل تھا۔

سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں کا چناؤ کا حق حاصل تھا۔

خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر صوبے کے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا حق حاصل تھا۔

بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرسکتے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔

کامن ویلتھ مبصرین کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ

دولت مشترکہ ممالک کے مبصرین نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ریٹرننگ افسران سے ملاقاتیں بھی کیں۔

install suchtv android app on google app store