سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین کی درخواست منظور

سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی جب کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف مزید 2 ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

چیرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیرصدارت نیب ایگزیکو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی گئی۔ ترجمان نیب کے مطابق مشتاق رئیسانی کی 2 ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مشتاق رئیسانی کے گھر سے ملنے والی رقم میں 26 کروڑ ملزم کا حصہ تھا : سہیل مجید

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف مزید 2 ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ نیب نے ان کے خلاف تین انکوائریوں کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔

راجہ پرویز اشرف کے خلاف گلف رینٹل پاور کیس میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور ریشما پاورز جنریشن میں اختیارات کے ناجائز استعمال سمیت قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے پر ریفرنس کی منظوری دی گئی۔

علاوہ ازیں نیب نے مختلف کیسز میں مزید 6 انکوائریاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں قومی ایئرلائن پی آئی اے میں کنٹریکٹ پر بھرتیوں کی انکوائری کی جائے گی۔ نیشنل بینک نیویارک سٹی، بحرین اور ریاض کی برانچوں میں بے قاعدگیوں کی انکوائری کی جائے گی جس میں بینک افسران کے خلاف قرضوں، غیر قانونی ایڈوانس اور سکوک بانڈز کی فروخت پر انکوائری ہوگی۔

مزید جانئیے: مشتاق رئیسانی کیس میں اہم پیش رفت: کوئٹہ میں بیکری سے 57 لاکھ روپے برآمد

واضح رہے کہ سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی پر ڈیڑھ ارب روپے کرپشن کا الزام تھا جس کے بعد نیب نے ان کے گھر پر چھاپہ مارکر 75 کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد کی تھی جب کہ مشتاق رئیسانی کی کراچی میں بھی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کا انکشاف ہوا تھا۔ نیب نے مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد مشیر خزانہ بلوچستان خالد لانگو کو بھی گرفتار کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store