ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، شیڈول کا اعلان

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان فائل فوٹو ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، مہمان ٹیم 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی، دورے میں پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 کی آخری سیریز پاکستان میں کھیلی جائے گی جس کے لیے ویسٹ انڈین خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔

آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 کے لیے تین ون ڈے میچز 18، 21 اور 23 اپریل کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے سیریز کے بعد 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ تمام ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کراچی میں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ون ڈے انٹرنیشنل میچ شام ساڑھے تین بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔

پاکستان ویمنز ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں 18 میچز میں 16 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا 2021 کے بعد یہ دوسرا دورہ پاکستان ہوگا، آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-22 سیریز بھی چوتھی سیریز ہوگی جس کی میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ کررہا ہے۔

اس حوالے سے خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ہم ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کا پاکستان میں پرتپاک استقبال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر چوتھی سیریز کی میزبانی خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے اور ہماری کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں ہونے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پی سی بی کے عزم کا ثبوت ہے۔

تانیہ ملک کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز صرف کرکٹ سے متعلق نہیں ہے بلکہ یہ کرکٹ کھیلنے والے ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے کے بارے میں ہے۔

install suchtv android app on google app store