سندھ میں رینجرز کو اختیارات نہ ملے تو متبادل آپشنز پر غور ہوگا: چوہدری نثار

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کا رینجرز کو محدود اختیارات کا عندیہ خلاف قانون ہے تاہم صوبے میں رینجرز کو اختیارات نہ ملے تو متبادل آئینی وقانونی آپشنز پر غور ہوگا۔

سندھ میں رینجرز کے اختیارات کا معاملہ ایک بار پھر تنازعے کا شکار ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ رینجرز کی قربانیوں کو غیر ضروری طور پر متنازعہ بنادیا جاتا ہے اور سندھ میں رینجرز کی کارکردگی کو ہر 3 ماہ بعد متنازعہ بنادیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا رینجرز کو محدود اختیارات کا عندیہ خلاف قانون ہے تاہم صوبے میں رینجرز کو اختیارات نہ ملے تو متبادل آئینی وقانونی آپشنز پر غور ہوگا۔

واضح رہے کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات 14 اپریل کو ختم ہوگئے ہیں تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اب تک رینجرز اختیارات میں توسیع نہیں دی گئی جس کے بعد رینجرز نے کراچی میں اپنے تمام آپریشن ختم کردیئے ہیں جب کہ اہم مقامات اور چوکیوں سے بھی رینجرز کی نفری واپس جاچکی ہے۔

install suchtv android app on google app store