نوازشریف غیر ملکی ایئر لائن کے ذریعے لندن روانہ

سابق وزیراعظم نواز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف لندن روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ زیرعلاج کلثوم نواز کی عیادت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نجی ائیرلائنز کی پرواز ای کے 625 کے ذریعے براستہ دبئی برطانیہ روانہ ہوئے، لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم کے معاون آصف کرمانی، محسن رانجھا سمیت کئی اہم لیگی رہنماؤں نے انہیں رخصت کیا۔

سابق وزیراعظم لندن کے اسپتال میں زیر علاج کلثوم نواز کی عیادت کریں گے، اور عیدالاضحیٰ بھی لندن میں ہی منائیں گے، جبکہ سابق وزیراعظم کے صاحب زادے حسین و حسن نواز پہلے کی اپنی والدہ کی عیادت کے لئے لندن میں موجود ہیں۔

بیگم کلثوم نوازمیں کینسر کی تشخیص کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما لندن جانے کا مشورہ دیا تھا، خاندان اور قریبی دوستوں کے مشورے کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف آج بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لئے آج لندن روانہ ہوئے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 17 اگست کو لندن روانہ ہوئی تھیں جہاں 22 اگست کو انہیں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور بیگم کلثوم نواز اس وقت بھی لندن میں مقیم ہیں۔

بیگم کلثوم نواز 17 ستمبر کو ہونے والے این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بھی ہیں۔

اس سے قبل لاہور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحب زادے سمیت شریف فیملی کے مزید پانچ ارکان لندن روانہ ہوگئے ہیں ، جہاں وہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گے، لندن روانہ ہونے والوں میں وزیر اعلیٰ شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز، ان کی اہلیہ اور دو بچوں کے علاوہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی چھوٹی بیٹی اسماء علی،شہبازشریف کی بیٹی زینب شامل تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحب زادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی کلثوم نواز کی عیادت کے لئے لندن میں موجود ہیں ، جبکہ مریم نواز نے این اے 120 میں اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلانے کے باعث لندن جانے سے انکار کردیا تھا۔

install suchtv android app on google app store