شہزاد اکبر مبینہ تیزاب حملے میں زخمی ہو گئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر فائل فوٹو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ان پر لندن میں تیزاب کا حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں مرزا شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ کل شام انگلینڈ میں مجھ پر حملہ کیا گیا، نامعلوم حملہ آور نے میر ے اوپر تیزابی محلول پھینکا اور فرار ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ حملہ انگلینڈ میں میری رہائش گاہ پر کیا گیا جہاں میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہوں، شکر ہے میری اہلیہ اور بچوں کو نقصان نہیں پہنچا، میں زخمی ہوا ہوں تاہم مجھے زخم آئے ہیں لیکن جان لیوا نہیں ہیں، پولیس اور ایمرجنسی سروسز فوری طور پر پہنچ گئیں اور اب گھر کی حفاظت کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شاللہ میرا حوصلہ اور عزم برقرار ہے اور رہے گا اور ظالم اپنے ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اور ان شااللہ جلد بے نقاب بھی ہوں گے۔

یاد رہے کہ شہزار اکبر کو پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کے بعد متعدد مقدمات کا سامنا تھا لیکن وہ رواں سال کے اوائل میں ملک چھوڑ کر انگلینڈ منتقل ہوگئے تھے۔

لندن منتقلی سے متعلق جولائی میں ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں بھگوڑا نہیں ہوں، ہر سوال کا جواب دونگا۔

 

واضح رہے کہ شہزاد اکبر کو اگست 2018 میں احتساب و داخلہ کے لیے اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا اور وہ لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے تشکیل دیے گئے ادارے کے اثاثہ برآمدگی یونٹ کے سربراہ بھی تھے۔

بعدازاں 22 جولائی 2020 کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا عہدہ تبدیل کرکے انہیں عمران خان کا مشیر برائے داخلہ اور احتساب مقرر کردیا گیا تھا۔

 

install suchtv android app on google app store