این اے 120: اعتراضات مسترد، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

بیگم کلثوم نواز بیگم کلثوم نواز

این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے بیگم کلثوم نواز کے بطور مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی اس نشت پر ضمنی انتخاب 17 ستمبر کو ہوگا۔

این اے 120 پر تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد، مسلم لیگ (ن) کی کلثوم نواز اور میاں نعمان عثمان ان کے کورنگ امیدوار ہیں۔ اس کے علاوہ نشست کے لیے پاکستان عوامی تحریک اور پیپلزپارٹی کے امیدوار سمیت آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔

آج ریٹرننگ آفیسر نے امیدواران کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے پیش ہونے کا حکم دیا تھا اور کلثوم نواز کو دوپہر تین بجے طلب کیا گیا تھا تاہم وہ آج صبح لندن روانہ ہوگئیں جس کے بعد ان کے کورنگ امیدوار میاں نعمان عثمان اور وکیل ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے جب کہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

الیکشن کمیشن آفس میں مسلم لیگ (ن) کے وکلا نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات کے دفاع میں دلائل دیئے جب کہ اس دوران عوامی تحریک، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف کے وکلا نے کاغذات پر اعتراضات اٹھائے جس کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا۔

ریٹرننگ آفیسر نے اپوزیشن کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات پر اٹھائے گئے تمام 9 اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ کلثوم نواز طبی بنیادوں پر لندن روانہ ہوئی ہیں اور ان کی روانگی کا فیصلہ آخری لمحات میں کیا گیا تاہم وہ تین سے چار روز میں وطن واپس آجائیں گی۔

install suchtv android app on google app store