کوئٹہ میں ایلیٹ فورس کے ٹرک پر بم حملہ، 7 اہلکار شہید

  • اپ ڈیٹ:
کوئٹہ میں ایلیٹ فورس کے ٹرک کے قریب دھماکا اسکرین گریپ کوئٹہ میں ایلیٹ فورس کے ٹرک کے قریب دھماکا

کوئٹہ میں قومی شاہراہ پر ایلیٹ فورس کے ٹرک کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید اور 22 زخمی ہوگئے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے نیو سریاب میں قومی شاہراہ پر ایلیٹ فورس کا ٹرک 29 اہلکاروں کو لے کر معمول کے مطابق روانہ تھا کہ اچانک زوردار دھماکا ہوگیا۔

دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں اور راہگیروں سمیت 7 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اسپتال ذرائع نے 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے جب کہ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق دھماکے میں 6 پولیس اہلکار شہید اور 22 زخمی ہوئے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے کے 13 زخمی سی ایم ایچ، 10 سول اور ایک زخمی بی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار شامل ہیں۔

سول اسپتال کوئٹہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 22 زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے جب کہ جھلسنے والے زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ایلیٹ فورس کا ٹرک مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا جب کہ جائے وقوعہ پر ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کے بعد امدادی رضاکاروں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا۔

دوسری جانب واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے جب کہ صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 6 روز کے دوران کوئٹہ میں پولیس پر حملےکا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل 13 اکتوبر کو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے بیان میں کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کےضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

install suchtv android app on google app store