ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

ماڈل گرل ایان علی فائل فوٹو ماڈل گرل ایان علی

ماڈل گرل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایان علی کا نام سپریم کورٹ کے 30 جنوری 2017 کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے نکالا جارہا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایت کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم برقرار رکھا تھا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایان علی کی توہین عدالت کی سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جب کوئی حکم امتناعی نہیں تو ایان علی کو بیرون ملک جانے سے کس بنا پر روکا جارہا ہے۔

قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے تیسری بار ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

مزید جانئیے: ایان علی کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی نہیں: چیف جسٹس

وفاقی حکومت نے عدالت عالیہ کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم عدالت عظمیٰ نے حکومت کی درخواست خارج کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ کا حکم برقرار رکھا تھا۔

ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

ملزمہ کی گرفتاری کے وقت ان کے 3 پاسپورٹ بھی ضبط کیے گئے تھے جن میں سے ایک کارآمد جبکہ دو منسوخ شدہ ہیں جن پر ویزے لگے ہوئے تھے۔

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انھیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی ایل سے اخراج، عدالتی حکم نامے کی کاپی طلب

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا، تاہم ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ پھر بھی لٹکا رہا۔

install suchtv android app on google app store