پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جنید جمشید بھی سوار

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں جنید جمشید کے موجود ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ جنید جمشید اپنے دوستوں کے ہمراہ اس طیارے میں موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق جنید جمشید اپنے دوستوں کے ہمراہ چترال گئے تھے اور پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 سے واپس اسلام آباد جارہے تھے۔

ترجمان پی آئی اے نے طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پی کے 661 میں 40 سے زائد افراد سوار تھے۔

جنید جمشید نے چترال میں اپنی مصروفیات کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کی تھی۔

واضح رہے کہ 52 سالہ جنید جمشید نے اپنے کیریئر کا آغاز وائٹل سائنز نامی پاپ بینڈ میں مرکزی گلوکار ہونے کی حیثیت سے کیا، اس بینڈ کے ذریعے انہیں اپنی زندگی میں بےشمار شہرت ملی۔

گلوکاری میں بے انتہا شہرت حاصل کرنے کے بعد ان کا رجحان اسلامی تعلیمات کی طرف بڑھ گیا اور آہستہ آہستہ انھوں نے موسیقی کی صنعت کو خیر آباد کہہ دیا۔

ان کا شمار پاکستان کے نامور نعت خوان اور بزنس مین کے طور پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنید جمشید رمضان کے مہینے میں ٹی وی چینل پر مذہبی پروگرام کی میزبانی بھی کرتے آئے ہیں۔

جنید جمشید کو 2007 میں صدر پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

install suchtv android app on google app store