اینجیلا مرکل کی اقوام متحدہ کو ‘نقصان پہنچانے’ پر ٹرمپ کو تنبیہ

جرمنی کی چانسلر انیجیلا مرکل فائل فوٹو جرمنی کی چانسلر انیجیلا مرکل

جرمنی کی چانسلر انیجیلا مرکل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اقوام متحدہ کو ‘تباہ کرنے’ کے خلاف خبردار کیا ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اینجیلا مرکل نے باویریا میں علاقائی انتخابی مہم کے دوران کہا ہے کہ ‘میرا ماننا ہے کہ کسی چیز کو اس وقت تباہ کرنا جب تک کوئی نئی چیز نہیں بنائی گئی ہو انتہائی خطرناک ہوتا ہے’۔

امریکا کے سابق صدر باراک اوباما کی قریبی اتحادی جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی مسائل کا حل عالمگیریت یا تکثیریت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے مسائل کے حل میں کامیابی کے امکانات کھوئے ہیں کیونکہ عالمی طور پر ہونے والے مذاکرات میں صرف اپنی کامیابی پر نظر ہے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہہ ان کی انتظامیہ ‘عالم گیریت کے نظریے کو رد کرتی ہے اور ہم وطن پرستی کے اصول کے دلدادہ ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘عالمگیریت کا نظام جبر و استبداد کے طرز پر ہے جس کی مخالفت میں ذمہ دار اقوام سامنے آئیں’۔

اینجیلا مرکل نے امریکی صدر کے بیان کی مخالفت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس کے موقف کی حمایت کی جنہوں نے ٹرمپ کی تقریر سے قبل خبردار کیا تھا کہ ‘آج ورلڈ آرڈر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے’۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک، چین کی تجارتی پالیسیوں اور عالمی عدالت انصاف پر شدید تنقید کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم جانچ لیں گے کہ کیا کارآمد ہے اور جو کارآمد نہین، وہ ممالک جو ہماری امداد لے رہے ہیں کیا ان کے دل میں بھی ہمارے مفادات ہیں کہ نہیں‘۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ ’ہم آگے بڑھتے ہوئے صرف انہیں امداد دیں گے جو ہماری عزت کرتے ہیں اور ہمارے دوست ہیں‘۔

install suchtv android app on google app store