روس کے صدر پیوٹن نے چوتھی مرتبہ صدارت کا حلف اٹھا لیا

روس کے صدر پیوٹن نے چوتھی مرتبہ صدارت کا حلف اٹھا لیا فائل فوٹو

روسی صدر ولادیمیرپیوٹن نے اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کے باوجود چوتھی مرتبہ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے،،روسی صدر کا کہنا ہے کہ میری زندگی کا سب سے بڑا مشن روس کی بلندی ہے،روسی عوام نے اعتماد کیا جس پر انکا شکرگزار ہوں

حلف برداری کی تقریب میں روسی آئین کی کتاب پر ہاتھ رکھ کر خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ یہ میرا فرض اور میری زندگی کا مقصد ہے کہ روس کے لیے اور اس کے حال و مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدام کروں۔

کریملن کے اینڈرییو ہال میں پیوٹن کی حلف برداری تقریب میں ہزاروں افراد شریک تھے اور وہ پیوٹن کے لیے بچھائی گئی ریڈ کارپٹ کے کناروں میں کھڑے تھے۔

پیوٹن نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری اپنی ذمہ داریوں پر گہری نظر ہے اور روسی عوام کے تعاون پر ان کا شکرگزار ہوں اور ہم نے اپنے وطن کی عزت کو بلند کردیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بطور ریاست کے سربراہ میں روس کی طاقت اور عزت و استحکام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے جو کچھ کر سکا کر لوں گا۔اپنے خطاب کے بعد انھوں نے پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ سبکدوش ہونے والے وزیراعظم دیمرتی میڈویڈوف کو نیا مینڈیٹ دیں تاکہ تسلسل برقرار رکھا جائے۔

پیوٹن 1999 سے تاحال روس کے حکمران ہیں اور رواں سال مارچ میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی کے بعد حلف اٹھا کر جوزف اسٹالن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے روس کے پہلے رہنما بن گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store