قادر خان شدید علیل، چلنے پھرنے سے قاصر

بولی وڈ کے معروف اداکار قادر خان جنہوں نے اپنے کیریئر میں کئی شاندار فلمیں سینما کو دی اب شدید علالت کے بعد ویل چیئر پر آگئے ہیں۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق 79 سالہ اداکار کو چلنے کے ساتھ ساتھ بولنے میں بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قادر خان کی کچھ حالیہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس میں ان کے ساتھ ان کے بیٹے سرفراز بھی موجود ہیں۔

وہ اس وقت اپنے بیٹے اور بہو کے ساتھ کینیڈا میں زندگی گزار رہے ہیں، جنہیں بولنے اور چلنے میں دشواری کا سامنا تو ہے لیکن وہ اپنی زندگی سے کافی خوش ہیں۔

قادر خان کی بہو کا ان کی علالت کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’وہ بہت مشکل سے بات کر پارہے ہیں، صرف میں اور میرے شوہر سمجھتے ہیں کہ وہ کیا بول رہے ہیں، وہ سب کو پہنچانتے ہیں، وہ کافی خوش بھی ہیں، میں اور میرے بچے سائمہ اور حمزہ ان کے ساتھ بچوں جیسا سلوک کرتے ہیں‘۔

چلنے پر مشکل کا سامنا کرنے کے حوالے سے قادر خان کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ان کے گھٹنے کی سرجری ہوئی تھی جس کے بعد والد نے ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، جس سے انہیں چلنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

سرفراز نے بتایا کہ ’سرجری بالکل ٹھیک ہوئی تھی، بس میرے والد نے سرجری کے فوری بعد چلنے سے انکار کردیا، ہمیں بتایا گیا تھا کہ انہیں ہمت کرنی ہوگی اور اگلے دن چلنا ہوگا، تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ قادر خان بالکل ٹھیک ہیں، انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دوستوں گووندا اور شکتی کپور کو بھی یاد کرتے ہیں، لیکن بات کرنے میں انہیں مشکل پیش آتی ہے۔

اپنے والد کی علالت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرفراز نے بتایا کہ وہ اب مزید فلموں میں کام نہیں کرسکتے، اس لیے انہوں نے خود کو انڈسٹری سے دور کردیا۔ خیال رہے کہ قادر خان نے 1973 میں اپنے کیریئر کی شروعات فلم ’داغ‘ سے کی تھی، جس کے بعد اب تک وہ 300 سے زائد فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

install suchtv android app on google app store