بھارتی ساس سسر بہو کو ’تمیز‘ سکھانے امریکا جا پہنچے

خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ساس، سسر اور شوہر فوٹو بشکریہ: بی بی سی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ساس، سسر اور شوہر

بھارتی ساس سسر نے گھریلو تشدد کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے اپنی بہو کو ’تمیز‘ سکھانے کے لیے 8 ہزار میل کا سفر کیا اور امریکی ریاست فلوریڈا پہنچ گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا پولیس کا کہنا ہے کہ 67 سالہ جسبیر کالسی اور ان کی 62 سالہ اہلیہ بھپندر بھارتی پنجاب سے اپنے بیٹے دیوبیر کی بیوی کو ’تمیز‘ سکھانے کے لیے فلوریڈا کی ہلز بروکاؤنٹی پہنچے اور بہو کو مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔

اس واقعے کی شکایت دیوبیر کی اہلیہ سلکی گائند کے والدین نے فلوریڈا پولیس کو کی اور جب حکام ہفتے (2 ستمبر) کو ان کے گھر پہنچے تو انہوں نے سلکی کے جسم اور چہرے پر تشدد اور زخموں کے نشانات پائے۔

سلکی گائند پر تشدد کے بعد ان کے شوہر اور ساس سسر کو مختلف الزامات کا سامنا ہے جبکہ سلکی کے سسر نے اس کے گلے پر چھری رکھ کر قتل کرنے کی دھمکی بھی دی۔

مقامی میڈیا کے مطابق تشدد کی رپورٹس موصول ہونے کے بعد پولیس، سلکی گائند کے گھر پہنچی تو انہیں گھر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔

دوسری جانب ساس سسر کے تشدد کا نشانہ بننے والی 33 سالہ سلکی نے اتوار (3 ستمبر) کے روز عدالت میں بتایا کہ وہ اپنے شوہر سے بھی خوف زدہ ہیں کیونکہ ان کے شوہر نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔

install suchtv android app on google app store