بھارت: ریپ کا شکار 10 سالہ بچی کے ہاں بچی کی پیدائش

بھارت: ریپ کا شکار 10 سالہ بچی کے ہاں بچی کی پیدائش فائل فوٹو بھارت: ریپ کا شکار 10 سالہ بچی کے ہاں بچی کی پیدائش

بھارتی ریاست پنجاب اور ہریانہ کے دارالحکومت چندی گڑہ میں ریپ کا شکار ہونے والی 10 سالہ بچی کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی ہے۔

ریپ کا شکار بچی نے 17 اگست کی صبح 9 بج کر 22 منٹ پر چندی گڑہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں ایک ڈھائی کلو وزنی بچی کو جنم دیا۔

خیال رہے کہ ریپ کا شکار بننے والی بچی کا تعلق ریاست ہریانہ کے ضلع روہتک سے ہے، اور اسے اس کے سوتیلے باپ نے متعدد بار ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔

کم عمرہونے کی وجہ سے بچی کو حمل سے متعلق کوئی خبر نہیں تھی، مگر جب انہیں پیٹ میں درد کی شکایات ہونے لگیں تو انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں 30 ہفتوں کے حمل کا انکشاف ہوا۔

بچی کی والدہ نے اسقاط حمل کے لیے بھارتی سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا، تاہم عدالت نے گزشتہ ماہ اسقاط حمل کی درخواست مسترد کردی تھی۔

عدالت نے چندی گڑہ کے پوسٹ گریجوئیٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ رسرچ (پی جی ایم ای آر) کی سفارش کے بعد بچی کو اسقاط حمل کی اجازت دینے سے انکار کیا۔

میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اسقاط حمل کرنے سے بچی اور بچی کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

عدالت کی جانب سے اسقاط حمل کی اجازت نہ دیے جانے کے بعد سماجی تنظیموں نے احتجاج بھی کیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریپ کا شکار بچی نے 17 اگست کو ایک صحت مند مگر کم وزنی بچی کو جنم دیا، لیکن اسے یہ پتہ نہیں کہ اس نے بچی کو جنم دیا ہے۔

اخبار کے مطابق بچی کو بتایا گیا کہ ان کے پیٹ میں پتھر تھا، جسے آپریشن کے بعد نکال دیا گیا۔

رپورٹ میں ہسپتال انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ریپ کا شکار بچی کے ہاں وقت سے پہلے بچی کی پیدائش ہوئی، اس وجہ سے اس کا وزن کم ہے۔

نوزائدہ بچی کو بچوں کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ (این آئی سی یو) منتقل کردیا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store