نئی امریکی پابندیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا: ایرانی صدر

 ایرانی صدر حسن روحانی فائل فوٹو ایرانی صدر حسن روحانی

روس نے بھی امریکی پابندیوں کے جواب میں سخت ترین اقدامات کا اعلان کردیا ہے ادھر ایرانی صدر کہتے ہیں امریکا کی غیر قانونی پابندیوں پر خاموش نہیں رہا جائے گا۔

روسی پارلیمنٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین لیونیڈ سلوتسکی کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پابندیوں میں اضافے سے روس اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی بہتری کا امکان کمزور ہوگا اور مستقبل میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید پیچیدہ شکل اختیار کرجائیں گے۔

روسی عہدیدار نے کہا کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے ماسکو واشنگٹن تعلقات کی بہتری کا امکان اپنی آخری حدوں کو پہنچ گیا ہے بلکہ زیرو پوائنٹ پر پہنچ چکا ہے۔ایک سینیئر روسی سینیٹر نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی صدر نے روس کے خلاف پابندیوں کے نئے بل پر دستخط کیے تو، ماسکو اس کا ٹھوس جواب دے گا۔

ادھر ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ان کے ملک کے خلاف مزید پابندیاں عائد کیں، تو ان کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔صدر روحانی نے کہا کہ ان پابندیوں کے جواب میں ایرانی مفادات کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پابندیوں کی وجہ سے ایران اپنے راستے سے نہیں ہٹے گا۔ صدر روحانی نے کہا کہ جس طرح ماضی میں ایران نے سخت ترین پابندیاں برداشت کیں، اب بھی ان کا ملک ان پابندیوں کا مقابلہ کرے گا۔

 

install suchtv android app on google app store