سعودی عرب شام میں زمینی فوج اتارنے کے لیئے تیار

بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ شام میں سرگرم دہشتگرد تنظیم داعش پر صرف فضائی حملے کافی نہیں ہیں، عرب اتحادی فوج کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب شام میں داعش کے خلاف جنگ کے لیے زمینی افواج فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

العربیہ' نیوز چینل کو دیئے گئے اپنے ایک انٹر ویو میں بریگیڈیئر جنرل احمد عسیری کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کی زیرِ قیادت اتحاد میں شامل ممالک کے رہنما شام میں فوجی کارروائی پر اتفاق کرتے ہیں تو سعودی عرب اس کا حصہ بنے گا۔ سعودی عرب شام کی سرزمین پر شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف کسی بھی ایسے زمینی آپریشن کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے جس پر عسکری اتحاد کی قیادت متفق ہو۔

جنرل عسیری نے کہا کہ ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صرف فضائی کارروائیاں بہترین حل نہیں ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ زمینی کارروائیاں بھی ہونی چاہییں۔

دوسری جانب امریکی دفترِ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے عرب اتحاد کے ترجمان کی اس تجویز پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ داعش کے خلاف جنگ میں اتحادیوں کی مدد میں اضافے کا خیر مقدم کرتا ہے تاہم وہ زمینی کارروائیوں کی سعودی تجویز کا جائزہ لیے بغیر اس پر تبصرہ نہیں کر سکتے، تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ فوجی طاقت کا مناسب استعمال داعش کے خلاف ہو تو یہ زیادہ بہتر ہے۔

install suchtv android app on google app store